دو فرشتوں کی کہانی

cth-bundle-100kg

دیس بدیس سے حکایات: دو فرشتوں کی کہانی

کہتے ہیں کہ آسمانوں پر محکمہ پیغام رسانی میں کام کرنے والا ایک فرشتہ نہایت مصروف ہوا کرتا تھا۔ اس کے پاس دم بھر کا وقت نہیں ہوتا تھا کہ سکون سے کچھ دیر بیٹھ سکے۔ سامان لادے زمین سے آسمان پر جاتا، اور وزن وہاں اتار کر پھر ساتھ ہی زمین کا رخ کرتا اور وہاں سے ایک اور بڑی سی گٹھڑی اٹھا کر پھر آسمان کا رخ کرتا۔ اوپر پہنچتا ہی تھا کہ اسے پتہ چلتا کہ نیچے زمین پر ایک اور گٹھڑی اس کی منتظر ہے۔

وہ دیکھتا کہ ایک دوسرا فرشتہ وہیں آرام سے اپنی میز کرسی پر سارا دن بیٹھا رہتا تھا۔ سارا دن کوئی کام نہ کاج۔ بس فراغت ہی فراغت تھی۔

اسے دوسرے فرشتے پر نہایت رشک آیا۔ ایک دن وہ زمین پر اپنا تین ہزارواں چکر لگا کر آسمان پر سامان اتار چکا، تو اس دوسرے فرشتے کے پاس رکا، اور اس سے بات چیت کرنے لگا۔

اپنا تعارف کرا کر بولا کہ میری ڈیوٹی پیغام رسانی کی لگی ہے۔ زمین سے لوگوں کی وہ دعائیں لا کر اوپر پہنچاتا ہوں جن میں لوگ خدا سے اپنی ضروریات اور خواہشات بیان کرتے ہیں۔ ایک پھیرے میں ساری خواہشات لاد کر پل بھر سے بھی قبل میں اوپر آسمان پر پہنچاتا ہوں تو ساتھ ہی نیچے زمین پر اتنی ہی اور تیار ہوتی ہیں۔ پل بھر کی فرصت نہیں ہے۔ لیکن بھائی صاحب، آپ کی ڈیوٹی کیا لگی ہوئی ہے؟ آپ تو سارا دن بہت سکون سے گزارتے ہیں؟

دوسرا کہنے لگا کہ ڈیوٹی تو میری بھی پیغام رسانی ہی کی لگی ہوئی ہے، لیکن میرے ذمے وہ پیغامات ہیں جن میں لوگ خدا سے ملنے والی نعمتوں کا ذکر و شکر کرتے ہیں۔ کبھی کبھار زمین کا چکر لگانا پڑ جاتا ہے، ورنہ سارا دن فارغ ہی گزرتا ہے۔ انسان ناشکرا ہے، اپنے پاس موجود نعمتوں کا ذکر و شکر شاذ ہی کرتا ہے۔

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ پیشے کے لحاظ سے ایک آئی ٹی کنسلٹنٹ ہیں۔ وہ بنیادی طور پر خود کو ایک طنز و مزاح نگار کے طور پر دیکھتے ہیں، لیکن سنجیدہ تجزیات و تبصروں پر بھی ہاتھ صاف کرتے رہتے ہیں۔ ان کی تحریریں دنیا پاکستان اور سپتنک روس کی ویب سائٹس پر بھی شائع ہوتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.